سجاول، 20 ویں روز بھی راشن نہ ملنے پر شہریوں کا احتجاج

70

سجاول (نمائندہ جسارت) حکومت کی جانب سے ملک میں لاک ڈائون کے باعث سجاول ضلع میں 20 ویں دن بھی راشن نہ ملنے پر شہریوں کا ضلعی انتظامیہ کیخلاف احتجاج۔ علاقہ مکینوں کی صحافیوں سے ضلعی انتظامیہ کیخلاف شکایات۔ اس سلسلے میں سجاول کی کچی آبادی میں بسنے والے غریب مکینوں نے صحافیوں کے آگے شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کے لاک ڈائون کو 20روز گزر جانے سے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے مگر انتظامیہ صرف چند من پسند افراد کو راشن فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومیہ اجرت پر کما کر کھانے والے افراد ایک وقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روزگار ہوگئے ہیں اور حکومتی اور انتظامی سطح پر کوئی امداد نہیں دی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ صرف من پسند افراد کو نوازا جارہا ہے اور ضلعی انتظامیہ اور بنائی گئی کمیٹیوں کی جانب سے سیاسی بنیادوں پر من پسند افراد میں راشن تقسیم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری طور پر مستحق افراد کے گھروں میں راشن پہنچایا جائے۔