کوئٹہ، کسٹم نے6 کروڑ روپے مالیت کی 24 ہزار کلو گرام چھالیہ برآمد کرلی

118

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ کسٹم نے لک پاس کے مقام پر دو مختلف کارروائیوں کے دوران 24 ہزار کلوگرام چھالیہ برآمدکرکے گاڑیاں قبضے میں لے لیں، جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جارہی ہے۔ کسٹم ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کلکٹر کسٹم پریوینٹو کوئٹہ یعقوب ماکو کو خفیہ اطلاعات ملی کہ اسمگلرز لاک ڈائون کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اندرون ملک اور بیرون ملک کے بارڈر سے مختلف اشیا کی آڑ میں غیر ملکی سامان اسمگل کرنے کے کوشش کررہے ہیں۔ ایڈیشنل کلکٹر پریوینٹو یاسر کلوڑ، ڈپٹی کلکٹر اکبر جان گنڈا پور اور سپرنٹنڈنٹ طارق سلطان کو ہدایات جاری کی جس پر انچارج لکپاس سینئر انسپکٹر جمیل کاکڑ اور انسپکٹر فدا جمالی نے اندرون ملک جانے والے دس ویلرز ٹرک کو روک کر تلاشی لی تو بجری میں چھپائی گئی 11 ہزار کلو گرام پسی چھالیہ پوڈر برآمد کرلی۔ اس کے علاوہ افغان بارڈر سے آنے والی ایک مزدا جو کہ برآم چاہ اور نوشکی سے ہوتی ہوئی لکپاس کے مقام پر روک کر خشک گھاس کی آڑ میں 13 ہزار گرام چھالیہ پوڈر برآمد کی۔ دونوں واقعات میں برآمد کی گئی چھالیہ 24 ہزار کلو گرام بنتی ہے، جن کی قیمت 6 کروڑ روپے بنتی ہے قبضے میں لے لیں۔ دوسری جانب چیف کلکٹر ڈاکٹر چودھری ذوالفقار علی اور کلکٹر پریوینٹو نے اکبر جان گنڈاپور کی ٹیم کی کارروائی کو سراہا۔