کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کرناشروع

299

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس،رینجرزاور شہری انتظامیہ نے عالمی وبا کورونا وائرس سے کراچی کے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کو سیل کرنا شروع کردیا ہے۔متعلقہ علاقوں میں کنٹینر اور رکاوٹیں لگا کر لوگوں کو گھروں تک محدود کیا جا رہا ہے۔

ضلع شرقی کراچی کے متاثرہ علاقوں کی فہرست تيار کرلی گئی ہے۔متاثرہ علاقوں کو بند کر کے سختی سے عمل کیا جائے گا۔

ڈالمیا کی کچھ گلیوں کو شامیانے لگا کر سیل کردیا گیا ہے۔راشد منہاس روڈ کو میلینم کے مقام پر سیل کردیا گیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی جانے والی سڑک بھی بند کردی گئی۔ گلزار ہجری اور گلشن اقبال کی مختلف سڑکیں بھی بند کردی گئیں۔

کورونا کی وبا پر قابو پانے کیلئے ضلع شرقی کی متاثرہ يوسيز کے مختلف علاقوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ جن يوسيز کوسيل کرنا ہے وہاں رکاوٹيں کھڑی کردی گئی ہيں۔

گزشتہ روز ضلع شرقی کے ڈپٹی کمشنر نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 11 یونین کونسلز کو مکمل سیل کرنے کا حکم دیا تھا جس پر سندھ حکومت نے حکم دیا کہ جن گلی محلوں میں کورونا کیسز سامنے آئے ہیں، صرف انھیں سیل کیا جائے گا۔

صوبائی حکومت کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ضلع شرقی میں کورونا وائرس سے متاثرہ یوسیز کو جزوی طور پر سیل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس کے لیے مختلف مقامات پر ٹرک اور کنٹینرز لگا کر راستے بند کر دیے گئے ہیں۔

جوہر موڑ، جوہر چورنگی، راشد منہاس روڈ کو بھی مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے جب کہ گلستان جوہر کے مخلتف بلاکس کی تمام گلیاں ٹرکس لگا کر سیل کر دی گئی ہیں۔

ڈالمیا کے اطراف بھی تمام روڈ مکمل بند ہیں جب کہ پہلوان گوٹھ جانے اور آنے والے راستے بھی مکمل سیل کر دیئے گئے ہیں۔

انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے علاقہ مکینوں کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس، رینجرز اور ٹریفک پولیس مختلف سڑکوں پر تعینات ہیں۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر صوبہ سندھ میں جاری لاک ڈاؤن کی شہریوں کی جانب سے خلاف ورزی کرنے پر پولیس کی کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔