عمران خان لوگوںکو لاک ڈائون کیخلاف اُکسار ہے ہیں، مولا بخش چانڈیو

124

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے وفاقی وزاء کے بیانات پر رد عمل دیتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم اور ان کے وزراء لوگوں کو لاک ڈاؤن کے خلاف اکسارہے ہیں ،عمران خان اور ان کے حواری وبا سے نہ کھلیں ،کورونا پھیلا تو پھر کسی سے نہیں سنبھالا جائے گا ‘ ہوش کے ناخن لیں، صوبوں کے اقدامات میں رکاوٹ بننا بند کر دیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کورونا سے لڑنے کے بجائے صوبوں کے ساتھ لڑرہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ڈبلیو ایچ او سمیت پوری دنیا کورونا سے نمٹنے کے لیے لاک ڈاؤن کو ہی واحد حل قرار دے رہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبے کو محفوظ بنانے کے لیے جو اقدامات کیے اسے دنیا نے سراہا ، صوبائی حکومتوں اور وفاقی اداروں نے تقلید کی لیکن پہلے خود وزیر اعظم لوگوں کو اکسارہے تھے اب ان کے چند وزیر کراچی آکر لوگوں کو اشتعال دلارہے ہیں سمجھ سے بالا تر ہے کہ وزیر اعظم کس وجہ سے ملک میں افراتفری پیدا کرنا چاہتے ہیں، انہوںنے خود کہا تھا کہ کورونا کے پھیلاؤ سے لاکھوں لوگ متاثر ہوں گے پھر کیوں لاک ڈاؤن کی مخالفت کررہے ہیں یہ وقت آپس میں لڑنے کا نہیں اتحادکا ہے ۔