پاکستان کشمیر کو بچانے کے لیے ٹھوس اوربھرپور مدد کرے‘ سید صلاح الدین

150

مظفرآباد (نمائندہ جسارت) متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور امیر حزب المجاہدین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات پر عالمی برادری کی روایتی سرد مہری اور مجرمانہ خاموشی قابل افسوس ہے‘ پاکستان تمام مصلحتوں اور مشکلات سے بے نیاز ہو کر مظلوم کشمیریوں کی ٹھوس اور بھرپور مدد کر ے۔ امت مسلمہ خاص کر پاکستانی عوام اور حکومت کے نام اپنے تازہ پیغام میں متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ نے کہا کہ آج ایک طرف ساری دنیا کورونا وائرس کے مہلک اثرات سے بچنے کی کوششوں میں مصروف ہے دوسری طرف اس گھمبیر صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مودی حکومت نے ڈومیسائل کا کالا قانون مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں نافذ کر دیا ہے‘ اس قانون کے نتیجے میں اب اہلیان کشمیر فلسطینیوں کی طرح اپنے ہی وطن میں مرحلہ وار گھروں سے بے دخل، زمینوں و جائداد اور ملازمتوں سے محروم ہوتے چلے جائیں گے اور مسلم اکثریتی تشخص اقلیت میں تبدیل ہو کر رہے گا۔ سید صلا ح الدین نے کہاکہ گزشتہ 9 مہینے کے کریک ڈاؤن اور لاک ڈاؤن سے نڈھال اور بھوک و پیاس سے بدحال نہتے کشمیری اس وقت اس تازہ جارحیت کا موثر توڑ کرنے سے قاصر ہیں جبکہ عالمی برادری روایتی سرد مہری اور مجرمانہ خاموشی کا شرمناک رویہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ نام نہاد او آئی سی کے کچھ اراکین ایک طرف عالمی سامراج کے ساتھ دوستانہ تجارتی و سفارتی تعلقات کو فروغ دینے میں مصروف ہیں تو دوسری طرف صرف کاغذی قراردادوں کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرنے پر اکتفا کرتے ہیں‘ ان حالات میں ساری امیدیں اور توقعات اللہ تعالیٰ کے بعد مملکت خداد پاکستان کے عوام اور یہاں کی قیادت سے وابستہ ہو چکی ہیں‘ بلاشبہ آپ سب پر یہ شرعی، آئینی اور قومی فریضہ عاید ہوتا ہے کہ تمام مصلحتوں اور مشکلات سے بے نیاز ہو کر اللہ تبارک و تعالیٰ کی قدرت کاملہ پر بھروسہ کر کے مظلوم کشمیریوں کی ٹھوس اور بھرپور مدد کریں تاکہ جنت ارض جموں و کشمیر کو بھارت کے ہاتھوں ہڑپ ہونے سے بچایا جا سکے۔