وزیراعلیٰ بلوچستان عوامی خدمت میں ناکام ہوگئے ‘مستعفی وزرا، مشیران

128

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے 2 وزرا اور مشیران کے استعفے کا متن سامنے آگیا‘ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی جوابی ٹوئٹ داغ دیا۔ استعفے کے متن پر صوبائی وزرا و مشیران مشیر نور محمد دومڑ، سردار مسعود لونی، مٹھا خان کاکڑ اور طور اوتمان خیل کے دستخط موجود ہیں ‘ چاروں نے استعفے میں وزیراعلیٰ بلوچستان کمال پر عدم اعتماد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی بنانے کا مقصد سیاسی بصیرت رکھنے والی نمایاں شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنا تھا تاکہ صوبے کی بہتر خدمت اور تعصب کی فضا ختم ہو سکے لیکن ایسا نہیں ہوا‘ پشتون اضلاع سے منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کو نظر انداز کیا جا رہا ہے‘ اہم وزارتیں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے پاس ہیں‘ ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا جا رہا‘ اہم پالیسی سازی اور حکومتی امور پر بھی اعتماد میں نہیں لیا جاتا‘ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال حقیقی انداز میں عوامی خدمت اور پارٹی کی نمائندگی کرنے میں ناکام ہو گئے‘ بطور وزرا اور مشیر ہمارا وزارتوں میں بیٹھنے کا کوئی جواز نہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی وزرا اور مشیران کے استعفے کے متن کے جوابی ٹوئٹ میں کہا کہ الحمد اللہ سچی بات ہے کہ وزرا اور مشیرا کے ایسے عمل پر ان کی کوئی توجہ نہیں بطور وزیراعلیٰ ، انسان اور مسلمان ایمرجنسی کی صورتحال ان کی بڑی ذمے داری اور فرض ہے‘ اللہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے میری رہنمائی اور مضبوطی فرمائے۔