حیدر آباد، گندم کی خرید و فروخت پر تاجروں میں جھگڑا

168

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر)گندم کی خرید و فروخت پر تاجروں کی تلخ کلامی، مکوں،گھونسوں کا آزادانہ استعمال،بات تھانہ تک جاپہنچی۔ تھانہ سخی پیر کی حدود میں واقع گندم کے تاجر گلزار کی دکان پر تاجرحاجی شبیر میمن اور ممتاز آٹا چکی کے مالک حاجی محمد شریف عرف مالکا کے درمیان گندم کی خرید و فروخت پر ہونے والی تلخ کلامی گالم گلوچ سے ہوتی ہوئی جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔ شریف مالکا نے بروکر حاجی شبیر میمن پر گھونسوں کی بارش کردی، حاجی شبیر میمن نے واقعہ کی رپورٹ متعلقہ تھانہ میں درج کرا دی جس پر پولیس نے شریف مالکا کی گرفتاری کے لیے ممتاز آٹا چکی شمع کمرشل ایریا پر چھاپا مارا تاہم شریف مالکا وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ واضح رہے کہ شریف مالکا اس سے قبل بھی دیگر کاروباری حضرات اور لوگوں سے اس طرح کا جارحانہ رویہ اختیار کرتا رہا ہے اور لوگوں سے لڑائی جھگڑا گالم گلوچ روز کا معمول ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ شریف مالکا نے گندم کے ایک اور بروکر شاہنواز میمن سے بھی گندم کی خرید و فروخت کے حوالے سے جھگڑا کیا تھا۔