جنوبی وزیرستان کے 3ہزار خاصہ دارپولیس محکمے میں ضم کردیے گئے

273

پشاور(آن لائن)خیبرپختونخوا حکومت نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے حوالے سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ضلع جنوبی وزیرستان کے 3024 خاصہ داروں کو صوبائی پولیس میں ضم کر دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی منظوری کے بعد محکمہ داخلہ نے اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے ۔جاری بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق قبائلی علاقوں کی تیز رفتار ترقی اور انضمام کا عمل بغیر کسی تعطل کے جاری ہے، انضمام سے متعلق تمام اُمور بہت جلد مکمل کرلیے جائیں گے اور قبائلی عوام کے ساتھ کیا گیا ہر ایک وعدہ پورا کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت ضم شدہ اضلاع میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گی، اُن کی جدید خطوط پر تربیت کے علاوہ اُن کی دیگر تمام ضروریات کو ترجیح بنیاد پرپورا کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں صوبائی حکومت نے صوبے کے پولیس شہداکے بچوں کوپولیس کے محکمے میں بطوراسسٹنٹ سب انسپکٹر بھرتی کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے ، جس کے لیے متعلقہ ایکٹ میں آرڈنینس کے ذریعے ضروری ترامیم کر دی گئی ہیں۔ ان ترامیم کے تحت 196 پولیس شہدا کے بچوں کو صوبائی پولیس میں بطور اے ایس آئی بھرتی کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے بے مثال قربانیوں کی جوداستان رقم کی ہے اُس پر پوری قوم کو فخر ہے ۔