ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے صحتیاب افراد کے پلازمہ سے کوروناوائرس کے مریضوں کے علاج کی منظوری دے دی۔
غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق محکمہ صحت دبئی نے اعلان کیا ہے کہ جو افراد کوروناوائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں اُن کے پلازمہ سے باقی مریضوں کے علاج میں استعمال کیا جائے گا۔
محکمہ صحت دبئی کے سربراہ یونس کاظم نے کہا ہے کہ دبئی کے اسپتالوں میں اِس علاج کے قواعد و ضوابط متعارف کرائے جاچکے ہیں تاکہ پلازمہ تھیراپی کا معیار حفظان صحت کے تمام اصولوں کے مطابق ہو۔
خیال رہے کہ پلازمہ تھیراپی میں ایسے صحتیاب شخص کا خون لیا جاتا ہے جس میں مخصوص جراثیم کے خلاف تریاقچے Antibodies پیدا ہوچکی ہوں جنہیں متاثرہ شخص میں داخل کرکے اُس کے جسم کو مامون کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کوروناوائرس مریضوں کی تعداد 4,123 سے زائد ہوچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 22 ہے۔