محکمہ صحت نے جعلی ڈومیسائل پر اسٹاف نرسز کی بھرتیوں کا نوٹس لے لیا

279

کراچی:محکمہ صحت سندھ نے جعلی ڈومیسائل پر اسٹاف نرسزکی بھرتیوں کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ بھر میں نئے بھرتی ہونے والے اسٹاف نرسز کے ڈومیسائل کی تصدیق کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے،محکمہ صحت نے سندھ کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کواسٹاف نرسز کے کوائف جاری پروفاما کے مطابق فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے 13 اپریل 2020ء کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے تمام اضلاع میں نئے بھرتی ہونے والے اسٹاف نرسز کے نام، والدیت، تاریخ پیدائش، ذات، شناختی کارڈ نمبر، ضلع کا ڈومیسائل، پی آر سی، تعلیمی اسناد ومتعلقہ بورڈ اور دیگر معلومات جاری کیے گئے پروفاما کے مطابق مہیا کیے جائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت سندھ میں ملک کے دیگر صوبوں کے ڈومیسائل کے حامل اسٹاف نرسز کی بھرتیوں کا انکشاف ہوا تھا جنہوں نے ملازمتوں کیلیے سندھ کا جعلی ڈومیسائل بنوایا تھا۔