سیز فائر کی خلاف ورزی کا بھارتی دعویٰ بے بنیادہے، آئی ایس پی آر

83

راولپنڈی (اے پی پی) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا دعویٰ بے بنیاد اور بھارت کی موجودہ ملکی صورتحال سے بھارتی عوام اوردنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے بھارتکی 15ویں کور کے کمانڈر کے بی بی سی کو انٹرویو پر ردعمل میں اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بھارت کی 15کور کے کمانڈر کا بی بی سی کو انٹرویو حقائق کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر مقبوضہ کشمیر میں افراد داخل کرنے کا بھارتی الزام درست نہیں‘ مودی حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں وہ حالات بہتر بنانے پر توجہ دینا چاہیے جو اس کے 5 اگست کے اقدام کے نتیجہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک منصوبہ بندی کے تحت دنیا کی توجہ 5 اگست 2019ء کے غیرآئینی اقدام سے پیدا ہونے والی صورتحال سے ہٹانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ فوجی مبصر گروپ کو کسی جگہ بھی جانے کی آزادی دے رکھی ہے، پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف وزری کرنے والے مقامات کے دورے کرائے، پاکستان شفافیت کے ساتھ یہ عمل جاری رکھے گا۔