مقبوضہ کشمیر: کورونا کا پھیلائو روکنے کیلیے 90ریڈ زونز کی نشاندہی

287

سرینگر /اسلام آباد(اے پی پی) مقبوضہ جموںو کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے وادی کشمیر اور جموں خطے کے 13 اضلاع میں اب تک مجموعی طور پر 90 ریڈ زونز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان 90 ریڈ زونز میں سے 76 وادی کشمیر میں اور 14 جموں خطے میں ہیں۔مقبوضہ علاقے کے محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ نے ریڈ زونز کے لئے قواعد وضوابط (ایس او پیز) جاری کردیے ہیں ۔دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر راجا محمد فاروق حیدر نے پاکستان سے کوروناوائرس کے مریضوں کو آزاد کشمیر بھجوانے کے بے بنیاد بھارتی پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزام تراشی دراصل مقبوضہ کشمیر کی بدترین ہوتی صورتحال سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان کو اس وبا سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے پر شاندار الفاظ میں اسے خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان ریاستی عوام کی حفاظت کے لئے ہیں اور کنٹرول لائن کے اطراف بسنے والے کشمیری پاک فوج سے محبت کرتے ہیں۔