کورونا نے پی سی بی کے لیے مالی مشکلات کی گھنٹی بجادی

88

کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک )کورونا نے پی سی بی کیلیے مالی مشکلات کی گھنٹی بجا دی،میڈیا رائٹس ڈیل سے زیادہ رقم ملنے کا امکان نہیں، مشاورت کیلیے ایک آسٹریلوی کمپنی اور آئی سی سی حکام کی خدمات لینے پر غور شروع کر دیا۔تفصیلات کے مطابق رواں برس بنگلا دیش سے سیریز کے ساتھ ہی پاکستان کی5 سالہ براڈکاسٹ ڈیل کا اختتام ہو گیا تھا، ٹین اسپورٹس اور پی ٹی وی نے149ملین ڈالر کے عوض یہ حقوق حاصل کیے تھے اس میں بھارت سے 2 ہوم سیریز بھی شامل تھیں جو نہ ہونے سے 90 ملین ڈالر کم ہو گئے۔ذرائع نے بتایا کہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ ایک آسٹریلوی کمپنی کی خدمات حاصل کرنا چاہتا ہے جو نئی ڈیل کی مالیت کا تخمینہ لگائے گی،چند ماہ قبل ایک اعلیٰ حکام نے بھی مذکورہ کمپنی کے حکام سے ملاقات کی تھی جبکہ آئی سی سی کے ایک اعلیٰ حکام سے بھی بات چیت کا سلسلہ جاری ہے،بورڈ نے گزشتہ روز میڈیا رائٹس مشاورتی خدمات کیلیے اشتہار بھی جاری کردیا۔دوسری جانب ذرائع نے مارکیٹ کی موجودہ صورتحال دیکھتے ہوئے پی سی بی کے خدشات کودرست قراردیا ہیکیو نکہ سری لنکا کرکٹ کا میڈیا رائٹس معاہدہ گزشتہ ماہ ختم ہو چکا، فروری میں ہی بورڈ نے ٹینڈرز جاری کر دیے تھے مگر حیران کن طور پر صرف ایک پیشکش سامنے آئی جس نے بہت کم رقم دینے کا کہا، اب یہ معاملہ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔