پوائنٹس تقسیم کا معاملہ،آئی سی سی کے فیصلے کا جائزہ لے رہے ہیں،پی سی بی

115

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے میزبانی سے انکار کے باوجود پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کو یکساں پوائنٹس دینے کے آئی سی سی کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔آئی سی سی نے گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کو یکساں پوائنٹس دینے کا فیصلہ سنایا تھا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کے پوائنٹس کی تقسیم کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا ہے اور کرکٹ بورڈ فیصلے کا جائزہ لے رہا ہے۔پاکستان کی میزبانی سے انکار کے باوجود بھارتی ویمن ٹیم کو یکساں پوائنٹس مل گئے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی آئی سی سی کے فیصلے کے حوالے سے تفصیلی ردعمل جاری کرے گا۔آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کے میچز میں بھارت نے پاکستان کی میزبانی کرنا تھی لیکن حکومتی اجازت نہ ملنے پر بھارتی بورڈ نے پاکستان کی میزبانی کرنے سے انکار کر دیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملے پر آئی سی سی سے رابطہ کیا تو آئی سی سی نے دونوں ٹیموں کو یکساں پوائنٹس دے دیے۔ تین پوائنٹس ملنے پر بھارتی ویمن ٹیم ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر گئی جب کہ 6 پوائنٹس پورے ملنے پر پاکستان ٹیم کو کوالیفائنگ رائونڈ نہ کھیلنا پڑتا اور پاکستانی ٹیم بھی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر جاتی۔