حیدرآباد :پولیس سرپرستی میں دکانیں کھلنے کا انکشاف

171

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد میں لاک ڈاؤن کے دوران ایک مرتبہ پھر سختی، شہر میں گزشتہ روز کھلنے والی دکانیں بند کرا دی گئیں، کئی مقامات پر پولیس کی جانب سے پیسے لے کر کاروبار کھولنے کی اجازت کی اطلاعات، ایس ایس پی کا ہنگامی دورہ، حیدر آباد میں لاک ڈائون پر ایک مرتبہ پھر حکومت سندھ کی جانب سے سختی کرائی جارہی ہے۔ وفاقی اور سندھ کے اعلانات میں تضاد کے باعث دکاندار پریشان ہیں، شہر کے تمام اہم اور بڑے تجارتی مراکز بدستور بند ہیں جبکہ سینیٹر، حجام، الیکٹرک، کتابوں کی دکانیں پولیس نے بند کرادیں۔ شہر میں صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک صرف اشیا خورونوش کی دکانیں کھلی رہیں جبکہ حالی روڈ اور کئی علاقوں میں پولیس کی جانب سے رشوت کے عوض دکانیں جزوی طور پر کھولنے کی اجازت دینے کی خبریں ملی ہیں، تاہم ایس ایس پی حیدر آباد عدیل حسین چانڈیو نے لاک ڈائون کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے شہر کا دورہ کیا۔ بعض مقامات پر احکامات کی خلاف ورزی پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز کو سندھ حکومت کے احکامات پر سختی سے عمل کروانے کے احکامات جاری کیے، عوام میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا جس پر انہیں تلقین کی کہ لاک ڈائون پر عمل درآمد سب پر لازم ہے، اگر کوئی بلا ضرورت نکلتا ہے یا قانون کی خاف ورزی کرتا یاپا گیا تو اس کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور پولیس افسران موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی کو یقینی بنائیں۔