لندن: آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے 510 افراد پر کوروناوائرس ویکسین کا تجربہ کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کوروناوائرس ویکسین کا تجربہ کرنے کیلئے 510 رضاکارانہ افراد کی ریجسٹریشن کی گئی ہے ویکسین اکسفورڈ یونیورسٹی کے طبی ماہرین اور میڈیکل ٹیم نے مل کر تیار کی ہے۔
ویکسین کا انسانوں پر تجربہ کرنے سے قبل جانوروں پر کامیاب تجربہ کرلیا گیا ہے تاہم اب آئندہ ہفتے میں 510 افراد پر اس کا تجربہ کیا جائے گا۔ رضاکاروں کی اوسط عمر 18 سے 55 سال منتخب کی گئی ہے۔ تجربے کے حوالے سے ماہرین اور برطانیہ کے متعدد ہسپتالوں کے درمیان قواعد و ضوابط کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کوروناویکسین کا تجربہ انسانوں پر کامیاب ہوگیا تو ستمبر تک ویکسین عوام کو دستیاب ہوگی۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں کوروناوائرس کیسز کی تعداد 103,093 ہے جبکہ اموات کی تعداد 13,729 ہے۔