مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری،مزید 4 کشمیری شہید

77

سری نگر(خبر ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باجود ریاستی دہشتگردی جاری رکھی ہوئی ہے اور گزشتہ روز پھر 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غاصب بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے علاقے ڈائرو کیگام میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔ بھارتی فورسز نے ضلع کشتواڑ میں بھی دو نوجوانوں کو شہید کیا ۔علاقہ مکینوں نے نوجوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا اور بھارتی فوج کے خلاف نعرے بازی کی۔۔دوسری جانب آل پارٹیز حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے تاہم مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج غیرقانونی طور پر نظربند کشمیریوں کی قید کو طول دیکر سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ حریت قیادت اور دیگر قیدیوں کی رہائی کیلیے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔ خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے کئی کیسز کی تصدیق ہوئی ہے تاہم اس کے باجود بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر لگائی
گئی پابندیوں میں کوئی نرمی نہیں کی ہے۔پاکستان نے بھی مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرے، کشمیریوں کو ادویات اور طبی سہولیات تک رسائی دی جائے۔