سری نگر (خبر ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر کے علاقہ سوپور میں ایک حملے میں بھارتی فورسز کے 4 اہلکار ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ حملہ آوروں نے سوپور کے علاقے نور باغ میں احد بابا کراسنگ کے نزدیک سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کی ایک مشترکہ پارٹی پر فائرنگ کی۔ زخمیوں کو فوری طورپر قریبی سب ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کے فوراً بعد بھارتی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔ ضلع پلوامہ میں ایک حملے میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔ مسلح افراد نے ضلع کے علاقے نیوا میں قائم سی آر پی ایف اور پولیس کے ایک مشترکہ کیمپ پر دستی بم پھینکا اور فائرنگ کی۔ ضلع مجسٹریٹ سری نگر نے کورونا وائرس کے پھیلائو کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث شہر میں جاری لاک ڈاک ڈائون اور سخت پابندیوں میں3 مئی تک توسیع کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں کورونا ریڈ زون علاقوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ تعداد بڑھ کو 80 ہو گئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے نتیجے میں پہلے سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار کشمیری مزید خوف و دہشت میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔ قابض بھارتی فورسز اہلکار پابندیوں کی خلاف ورزیوں کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے علاوہ ان کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ریڈ زون والے علاقوں میں 42 دنوں تک سخت ترین پابندیاں عاید رہیں گی اور اگر کورونا کا کوئی نیا کیس سامنے آتا ہے اس صورت میں مذکورہ علاقے مزید 42 دنوں تک سیل رہیں گے۔دریں اثنا بھارتی پولیس نے پابندیوں کی خلاف ورزی پر سری نگر، بڈگام اور بانڈی پورہ کے علاقوں سے درجنوں افرادگرفتار کر لیے ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 333 تک پہنچ گئی ہے‘ مہلک وائرس کے سبب مقبوضہ علاقے میں اب تک 5 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔