بھارت کشمیرکو نقصان پہنچانے کیلیے کسی بھی حدتک جاسکتا ہے‘ علی گیلانی

104

سری نگر(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت،جموں وکشمیر کے لوگوں کو نقصان پہنچانے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے ،انہوںنے بھارتی حکام کی جانب سے گاناپورہ کے رہائشی عاشق احمد مانگرے شہید اور بنگام کے رہائشی آصف احمد ڈار شہید کی نعشیں ان کے اہلخانہ کے حوالہ نہ کرنے اور انہیں بارہ مولا میں خفیہ طریقہ سے دفن کرنے کے معاملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ بھارت نے یہ ایک اور چال چلی ہے جس کا مقصد شہدا کی قرانیوں کو نظر انداز کرنا اور ان کے اہلخانہ کی کوروناوائرس کی وبا کے دوران تذلیل کرنا ہے۔ یہ بھارت کی پرانی خواہش ہے جس کے تحت وہ نہیں چاہتا کہ شہدا کی نعشوں کو ان کے اہلخانہ کو حوالے کیا جائے اور لوگوں کو ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے سے روکا جائے جو آزادی اور جموں و کشمیر کے لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف لڑتے ہیں ۔ سید علی گیلانی نے بھارت کو متنبہ کیا کہ اپنے پیاروں کو شہداء کے آخری مرتبہ دیدار سے روکنے اور اسلام کے اصولوں پر عمل نہ کرنے دینے کے عمل نے بھارت کی اصل فطرت کو بے نقاب کر دیا ہے ۔ سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ شہداء کی نعشیں فوری طور پر ان کے اہلخانہ کے حوالہ کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت شہداء کی آخری مذہبی رسومات کی ادائیگی سے بھی خوفزدہ ہے۔ انہوںنے پاکستان کے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔