لیاقت آباد میں مخدوش عمارت آج گرادی جائے گی

376

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نےلیاقت آباد ڈاکخانہ چوک کے قریب واقع 5منزلہ عمارت کو مخدوش قرار دے دیا گیا ہے۔

عمارت کو مخدوش قرار دے کر رہائش پذیر افراد کوباہر نکال کر خالی کروالیاگیا ہے، جبکہ عمارت کے ساتھ منسلک پی ایم ٹی کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

عمارت کی گیس بھی منقطع کردی گئی ہیں، جبکہ عمارت کے اطراف میں واقع دکانوں کو بھی بند کرا دیا گیا ہے۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے عمارت کوخالی کروالیا ہے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ 5 منزلہ عمارت میں جگہ جگہ دراڑیں پڑگئی ہیں، مخدوش عمارت کو گرانے کا کام آج 20 اپریل بروزپیر سے شروع ہوگا۔انتظامیہ نے مخدوش عمارت کے اطراف موجود علاقے کو بند کردیا ہے۔

لیاقت آباد میں رہائشی پانچ منزلہ عمارت خطرناک حد تک ایک طرف جھک گئی ہے، جس کے بعد انتظامیہ نے عمارت کو خالی کرا دیا ہے۔عمارت کے مکینوں کو قیمتی سامان نکالنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ مکین پولیس کی نگرانی میں اپنا قیمتی سامان نکالنے میں مصروف ہیں۔

ڈی جی ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ عمارت میں موجود میڈیکل اسٹور سمیت دیگر دکانوں کو بھی خالی کرایا جا رہا ہے۔ عمارت کے ساتھ لگے ٹرانسفارمر کو ہٹانے کے لئیے کے الیکٹرک کو طلب کیا گیا ہے۔ ٹرانسفارمر کے ہٹائے جانے کے بعد عمارت کو ٹوڑؑنے کا کام شروع کیا جائے گا۔عمارت کو مکمل توڑنے اور ملبہ ہٹانے میں ایک ہفتہ کا وقت لگ سکتا ہے۔

ڈی جی ایس بی سی اے نے مزید کہا کہ پانچ منزل عمارت کو دس سال قبل مخدوش قرار دیا گیا تھا۔ عمارت میں رہائش پذیر خاندان کو عمارت خالی کرنے کے نوٹسز بھی جاری کیئے گئے تھے۔ عمارت کو خالی کرانے کا مقصد شہریوں کی جان ومال کو محفوظ بنانا ہے۔

عمارت میں 15 خاندان رہائش پذیر تھے،کچھ عرصہ قبل عمارت میں رہائش پذیر خاندانوں کو عمارت خالی کرنے کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔