رام پور: پائوں پر سینٹائزر کے چھینٹے پڑنے پر غصے میں آکر مقامی باشندے نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر محلے کو سینٹائز کرنے والے 21 سالہ نوجوان کنورپال کو زبردستی سینٹائزر پلا کر قتل کردیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق بھارت کے ضلع رام پور میں کوروناوائرس سے حفاظتی تدبیر اپناتے ہوئے محلے کو سینٹائز کرنے والا نوجوان کنورپال علاقے کو سینٹائز کررہا تھا جب ایک شخص کا اُس کے پاس سے گزر ہوا اور سینٹائزر کے چند چھینٹے اُس کے پائوں پر پڑے۔ سینٹائزر کے چھینٹے پڑنے پر شخص کوغصہ آیا اور کنورپال اور اُس شخص کے مابین تلخ کلامی شروع ہوگئی۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق تلخ کلامی ہاتھا پائی تک جا پہنچی جس کے دوران مقامی باشندے نے طیش میں آکر اپنے ساتھیوں کو بلایا اور ان کی مدد سے کنورپال کے منہ میں اُس کے سینٹائزر اسپرے سے زبردستی سینٹائزر پلا دیا۔
کنورپال کو فوری ہسپتال لے جایا گیا تاہم جسم میں زہریلا مادے کے اثرات دیر تک رہنے کے باعث نوجوان دم توڑ گیا۔ کنورپال کے اہلخانہ نے محلے کے رہائشی بردھان اور اُس کے چار ساتھیوں پر قتل کا الزام عائد کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے تاہم ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔