کراچی کے بلدیاتی ملازمین نے کورونافنڈ میں تنخواہیں عطیہ کردیں

417

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے 6 اضلاع کے بلدیاتی ملازمین نے سندھ حکومت کے کورونا فنڈ میں مجموعی طور پر 4 کروڑ 10 لاکھ روپے کی رقم عطیہ کردی ہے۔ گریڈ ایک تا 16 کی تنخواہ کا 5 فیصد، 17 سے 20 گریڈ کے ملازمین نے 10 فیصد اور 21 گریڈ ملازمین نے 25 اور 22 گریڈ ملازمین نے اپنی 100 فیصد تنخواہ فنڈز میں جمع کرائی ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے 6 اضلاع کے 27 ہزار بلدیاتی ملازمین نے صوبائی حکومت کے کورونا فنڈ میں اپنی 5 سے 100 فیصد تنخواہ کورونا فنڈز میں عطیہ کردیں ہیں۔

رپورٹ کےمطابق سب سے زیادہ ضلع وسطی کے 6500 ملازمین نے ایک کروڑ 22 لاکھ روپے کی رقم کورونا فنڈ میں جمع کروائی جبکہ سب سے کم ضلع ملیر نے 36 لاکھ جمع کروائے ہیں،تمام ملازمین کی تنخواہ سے جمع شدہ رقم تقریباً 4 کروڑ 10 لاکھ روپے بنتی ہے۔

سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن کےمطابق گریڈ ایک سے سولہ تک کے ملازمین نے 5 فیصد،17 سے 20 گریڈ کے ملازمین نے 10 فیصد، 21 گریڈ ملازمین نے 25 جبکہ 22 گریڈ کے ملازمین نے اپنی 100 فیصد تنخواہ کورونا فنڈ میں جمع کرائی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ تنخواہوں سے جمع ہونے والا فنڈ کورونا سے متاثرہ افراد کی معاونت میں استعمال کیا جائے گا۔

حکام کےمطابق ضلع غربی کے 4300 ملازمین نے 87 لاکھ، ضلع کورنگی کے 4500 ملازمین نے 50 لاکھ، ضلع شرقی کے 4200 ملازمین نے 47 لاکھ روپے کی رقم کورونا فنڈ میں جمع کرائی جبکہ ضلع جنوبی کے 3500 ملازمین نے 68 لاکھ جمع کروائے۔

کراچی میں کورونا وائرس کے 1690 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں، 240 افراد صحتیاب اور 57 کا انتقال ہوچکا ہے، 1393 مریض اب بھی زیر علاج ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ کے 29 میں سے 27 اضلاع کورونا وائرس کی لپیٹ میں آچکے ہیں، صوبہ بھر میں مجموعی طور پر مریضوں کی تعداد 2762 ہوگئی ہے جبکہ 61 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔