رمضان المبارک کی آمد، مہنگائی کاجن بے قابو

494

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری)کراچی میں لاک ڈاون سے منا فع خوروں کی چاندی ہوگئی،منافع خوروں نے شہریوں کو لوٹنا شروع کردیا ہے۔

کراچی میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کاجن بے قابو ہو گیا ہے،شہر میں صارفین سے اشیاءضروریہ کی زاید قیمت وصول کی جانے لگی،صارفین کی نمائندہ تنظیموں نے بھی منا فع خوری کے معاملے پر خاموشی اختیار کر لی ہیں۔تفصیلات کے مطابق شہر میں کورونا وبا کی وجہ سے جاری لاک ڈاون میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا ۔منافع خورں نے شہریوں کے ضرورت کی ہر اشیاءپر اضافی قیمت وصول کر نا شروع کر دی ہے جس کی وجہ سے عوام پریشان ہو کر رہ گئے ہیں۔

مارکیٹ سروے کے مطابق کریانہ اسٹوروں پر دالوں سمیت مختلف اشیائے صرف کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے مختلف اقسام کے دالوں کی قیمتوں میں 30روپے فی کلو تک کا ناجائز اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح مرغی اور گائے و بچھیا کے گوشت کی فی کلوقیمت بھی 50روپے سے 100روپے بڑھا دیئے گئے ہیں ۔

مختلف اقسام کے پھلوں کی قیمتوں میں بھی 20روپے سے40روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے،مارکیٹ سروے کے مطابق رمضان المبارک کے دوران کثرت سے استعمال ہونیوالی اشیاءکی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں۔چینی ،بیسن ،کھجور،مشروبات ،تیل اور مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ کیا گیا ہے۔مارکیٹ سروے کے مطابق پنکچر مافیا نے بھی شہریوں کو لوٹنا شروع کر دیا ہے۔

دوران سفر مشکلات سے دوچار شہریوں کو ٹائر کی ٹیوب350روپے میں فروخت کی جاری ہے جولاک ڈاؤن سے قبل220روپے میں فروخت کی جاتی تھی ۔

ایک جانب سبزی منڈی میں سبزیوں کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر آنے کا ڈھنڈوراپیٹا جا رہا ہے مگرعلاقائی مارکیٹوں میں صورتحال اس کے برعکس ہے۔حیرت انگیز امر یہ ہے کہ عام دنوں میں صارفین کی نمائندہ تنظیمیں متحرک نظر آتی ہے لیکن مشکل کی اس گھڑی میں انہوں نے بھی صارفین کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔

اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کا دکانداروں پر کسی قسم کا کنٹرول نہیں جس کی وجہ سے ہر دکاندار اپنی مرضی کی قیمت وصول کررہا ہے۔نہ کوئی پوچھنے والا ہے اور نہ مقررہ قیمتوں کی پابندی کروانے والا ہے۔