پاکستان کے 30سے 40فیصد چینلز بند ہونے کا خطرہ،سلمان اقبال

616

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اے آر وائی نیوز کے مالک سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے جو صورتحال پیدا ہوچکی ہے اس میں خطرہ ہے کہ 30 سے 40 فیصد ٹی وی چینلز بند ہوجائیں گے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو کال کی ریکارڈنگ میں اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال کومیڈیا بحران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔

سلمان اقبال نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے دنیا کے اندر جتنے کاروبار ہیں وہ ڈسٹرب ہوئے ہیں۔میڈیا بحران کے دوران ہم نے لوگوں کو نکالا نہیں بلکہ اضافی اسٹاف کو نکالا ہے۔

یہ ایسے لوگ تھے جو انٹرن شپ کرنے آئے اور کسی طرح اپنی پکی جگہ بنالی۔تنخواہیں کم کرنے کی بات ہوئی لیکن ہم نے کسی کی تنخواہیں کم نہیں کیں،ہم نے یہ وزن اٹھالیا لیکن اب یہ وزن اٹھایا نہیں جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیلی ویژن میڈیا میں باقی انڈسٹری سے زیادہ تنخواہیں ہیں، پہلے بینکنگ میں زیادہ تنخواہیں تھیں لیکن اب میڈیا انڈسٹری اس کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔

ہمیشہ کہتا ہوں کہ اندھے مامے سے کانا ماما بہتر ہوتا ہے،اگر یہی حالات چلتے رہے تو 30 سے 40 فیصد چینلز بند ہوجائیں گے۔

اگر چینلز بند ہوں گے تو نوکریاں ختم ہوں گی اس لیے اگر کوئی مالک عارضی طور پر تنخواہیں کم کرنے کی بات کرے تو یہ تجویز مان لینی چاہیے تاکہ چینلز بند نہ ہوں۔