چوبیس اپریل تک لاک ڈاؤن اسی حالت میں چلے گا، آزادکشمیرحکومت

86

مظفر آباد(صباح نیوز)آزادجموں وکشمیر حکومت کے ترجمان ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن 24اپریل تک اسی حالت میں چلے گا۔22اپریل کو اسلام آباد میں آزادکشمیر کی دیگر سیاسی،دینی قیادت سے مشاورت کر کے متفقہ طور پر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ آج آزادکشمیر بھر میں کورونا کا کوئی مثبت کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ پہلے سے موجود کورونا کیسز میں سے 16مریضوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں اس طرح اب کورونا کے کل ایکٹو کیسوں کی تعداد 33رہ گئی ہے۔ مرکزی ایوان صحافت میں کورونا وائرس کے حوالہ سے میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال اوروزیر اعظم کے پریس سیکرٹری راجہ محمد وسیم بھی موجود تھے۔ وزیر آئی ٹی بتا یا کہ گزشتہ پیرتک بھی کورونا وائر س کا کوئی مثبت کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ ا توارکو مثبت رپورٹ ہونے والے شخص کو پہلے ہی قرنطینہ میں رکھا گیا تھا جس کے باعث یہ وائرس آگے نہیں پھیلا۔ آج میرپور سے 6اور کوٹلی میں پہلے سے داخل ایک مریض کے رپورٹ منفی آ گئی ہے اور اس سے قبل 7 مریضوں کی رپورٹ منفی آئی تھی جو کل ملا کر 16بنتے ہیں۔ اس طرح کل مثبت کیس 33رہ گئے ہیں کل مزید 4داخل مریضوں کو ڈسچارج کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کے حوالہ سے ایکٹ نافذ کر دیا گیا ہے جس کے تحت ملوث ملزم کو 3 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ لاک ڈاؤن کے متعلق آج منگل کو کابینہ کا اجلاس ہو گا جس میں وزیراعظم لاک ڈاؤن کے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے اس کے بعد پرسوں اسلام آباد میں آزادکشمیر کی سیاسی و دینی قیادت کو بلایا جا رہا ہے جس میں لاک ڈاؤن کے متعلق متفقہ فیصلہ کیا جائے گا،23اپریل کو متفقہ فیصلہ کا اعلان کیا جائے گا۔