امریکا کے 6 چارٹر طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت مل گئی

319

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے امریکا کے 6 چارٹر طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی ہے،اومنی ایئر کے 6 خالی طیارے آج سے 25 اپریل تک پاکستان پہنچیں گے۔

سی اے اے نے امریکی چارٹر طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی،امریکی سفارت خانے کی جانب سے چارٹر طیاروں کی لینڈنگ کے لیے درخواست دی گئی تھی۔

سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے،اومنی ایئر کے 6 خالی طیارے آج سے 25 اپریل تک پاکستان پہنچیں گے،امریکی شہری اور سفارتی عملہ ان طیاروں کے ذریعے پاکستان سے واپس امریکا جائے گا۔

سی اے اے کے مطابق پہلی پرواز آج صوفیہ بلغاریہ سے اسلام آباد پہنچے گی،شارجہ سے آنے والی پرواز کل مسافروں کو اسلام آباد سے فرینکفرٹ لے جائے گی،

23 اپریل کو 2 پروازیں صوفیہ سے اسلام آباد اور کراچی آئیں گی۔25 اپریل کو بھی 2 پروازیں صوفیہ سے اسلام آباد اور کراچی آئیں گی،ان پروازوں کے پائلٹس اور دیگر عملے کو طیاروں سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ اتوار کو امریکا میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لے جانے کے معاملے پر امریکا نے بھی خصوصی پرواز کے لیے پاکستان کو اجازت دی تھی۔

امریکا میں 750 سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں،ذرایع کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے متعدد ایئر لائنز کے آپشن پر غور کیا ہے۔