نادرا سائلین کےمسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

224

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے تمام برانچز کو ہدایت جاری کی ہے کہ سائلین کے وہ مسائل جو برانچز آئے بغیر حل ہو سکتے ہیں،انھیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

ڈی جی نادرا میر عجم درانی نے شہر کی تمام نادرا برانچز کے کور اسٹاف سے ای کانفرنس کے ذریعے رابطہ کر کے اہم ہدایات جاری کیں ہیں۔

نادرا ای کانفرنس میں صارفین کے مسائل آن لائن حل کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا،ای کانفرنس میں تمام برانچوں کے ہیڈز،زونل ہیڈز،ریجنل ہیڈ کراچی کے علاوہ دیگر افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ڈی جی نادرا نے لاک ڈاؤن کی صورت حال کے تناظر میں افسران کو مختلف نوعیت کے ٹاسک دیے ہیں، انھوں نے ہدایت کی کہ سائلین کے وہ مسائل جو بغیر برانچز آئے حل ہو سکتے ہیں انھیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

خیال رہے کہ کورونا کی وبا سے قبل نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے موبائل مین پیک سروس کی نئی سہولت متعارف کرا دی تھی جس کی تحت شدید بیمار،انتہائی عمر رسیدہ اورخصوصی افراد گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوا سکتے ہیں۔