ڈی ایم سی وسطی میں منظورنظر ملازمین کو کروڑوں روپےلون دیئے جانے کا انکشاف

244

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری)ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن وسطی میں لون کی مد میں کروڑوں روپے منظور نظر ملازمین کو دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

اس ضمن ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈی ایم سی وسطی کی انتظامیہ نے دوسال قبل منظور نظر ملازمین کی فہرست مرتب کر 3لاکھ روپے سے 8لاکھ روپے تک کا لون جاری کیا تھا۔

یہاں حیرت انگیز امر یہ ہے کہ دو سال گذر جانے کے باوجودان ملازمین سے ابھی تک رقم کی ایک قسط بھی وصول نہیں کی گئی ہے۔

مروجہ قانون کے مطابق لون لینے کےایک ماہ بعد یعنی اگلے ماہ سے تنخواہوں سے لون کی مد میں کٹوٹی شروع ہوجاتی ہے مگر ان ملازمین کہ تنخواہوں سے دوسال بعد بھی لون کی رقم وصول نہیں کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ لون کی رقم کو سروس بک یا ریکارڈ فائل میں ظاہر نہیں کیا گیا جو کھلی کرپشن کے مترادف ہے۔

لون کے ضرورت مند ملازمین نے ڈی ایم سی وسطی کی انتظامیہ کی جانب سے من پسند ملازمین کو مروجہ قوانین کے برخلاف نو ازنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈی ایم سی سینٹرل کی انتظامیہ سے لون کے لیے ضرورت مند ملازمین نے کئی بار رابطہ کیا مگر ان کی درخواستوں پر غور نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ قواعد و ضوابط کے مطابق ڈی ایم سی وسطی انتظامیہ ضرورت مند ملازمین کی مالی پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے بغیر سود کے لون جاری کرتی ہے مگر اس لون کو سروس بک یا ریکارڈ فائل میں درج نہ کئے جانے پر نہ صرف ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے بلکہ اس اقدام کو کرپشن کی جانب اشارہ تصور کیا جارہا ہے۔