فیصل ایدھی کی فیملی کو کورونا ٹیسٹ کے احکامات جاری

412

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی فیملی کا کورونا ٹیسٹ کرانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ نے سول اسپتال کو ہدایت جاری کی ہے کہ کراچی میں موجود فیصل ایدھی کے خاندان کے دیگر افراد کے بھی کورونا ٹیسٹ کیے جائیں۔

ذرایع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ فیصل ایدھی سے قبل ان کے بیٹے سعد ایدھی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا،اس دوران بھی فیصل ایدھی کو کچھ دن گھر میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی، فیصل ایدھی 4 دن سے اسلام آباد میں تھے،شک ہے وائرس وہی سے منتقل ہوا ہے۔

واضح رہے کہ آج فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے، انہوں نے دو دن قبل ٹیسٹ کروایا تھا۔

وہ اسلام آباد میں مقیم ہیں،ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں،فیصل ایدھی کا ٹیسٹ شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد میں کیا گیا تھا۔

ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ 5 دن قبل فیصل ایدھی نے اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی،دو روز قبل انھوں نے کورونا کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کی آج رپورٹ آئی ہے۔

ادھر وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے کورونا وبا ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ خدشے کے پیش نظر وزیر اعظم کو ٹیسٹ کروانے کی رائے دوں گا۔