کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے ملک میں کورونا لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے مستحق خاندانوں میں راشن بیگز اور پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں میں کورونا سے بچائو کے لیے حفاظتی سینیٹائزرز اور ادویات تقسیم کی گئیں۔
تفصیلات کےمطابق ملک میں کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلائو کی روک تھام کے لیے لاک ڈاون اور کاروبار کی بندش سے مزدور اور روزانہ اُجرت حاصل کرنے والے شدید متاثر ہوئے ہیں۔
اُن کی پریشانیوں کا ادراک کرتے ہوئے ہمدرد فاؤنڈیشن کی جانب سے کراچی،پشاور،لاہوراور کوئٹہ کے علاقوں میں پہلے فیز میں پانچ ہزارمستحقین کی دہلیزوں تک باعزت طریقے سے کورونا ریلیف راشن بیگز پہنچائے گئے۔
ان بیگز میں ضروری اشیائے خورونوش اور ادویات شامل ہیں جو کورونا کے پھیلاو کو روکنے میں معاون ثابت ہونگی۔
اس کے علاوہ لاک ڈاؤن میں کورونا وائرس کے خطرے کا مقابلہ کرتے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو ہمدرد کی جانب سے ہینڈ سینیٹائزرز اور دیگر بچائو کی ادویات بھی دی گئیں۔
دوسرے فیز میں رمضان کریم کے بابرکت اور مقدس مہینے میں مزید کئی مستحق خاندانوں کو راشن بیگز دئیے جائیں گے۔
کراچی میں کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے والے پولیس اور قانون نافذکرنے والے ادارے کے جوانوں کی حفاظت کے لئے ہمدرد فاؤنڈیشن کی جانب سے خصوصی طور پر ادویات کا پیکٹ تیار کیا گیا جس میں ہمدرد انفیوزا،ہمدردقلزم اور ہمدرد انسٹنٹ جوشاندہ کیساتھ صافی سینیٹائزر بھی شامل تھا۔
لاہور میں ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ترتیب شدہ پروگرام کے تحت مختلف دنوں میں ایک ہزار راشن بیگز مستحقین میں تقسیم کیے گئے اورپشاور شہر میں متوسط اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ پانچ سو خاندانوں میں اور کوئٹہ میں دو سوخاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے تاکہ وہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے حالات میں باعزت طریقے سے گزر بسر کرسکیں۔