ناکافی وسائل، سفاری پارک کے 14 شیر فروخت

555

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے سفاری پارک کی انتظامیہ نے ناکافی وسائل کی وجہ سے 14 افریقی شیر فروخت کردیے ہیں،لاک ڈاؤن میں سفاری پارک بند ہونے کی وجہ سے انتظامیہ شدید مالی بحران سے دو چار ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سفاری پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سفاری پارک میں شیروں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور ان کے کھانے پینے کے اخراجات غیر معمولی ہیں جس کی وجہ سے انہیں یہ قدم اٹھانا پڑا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں لوگوں کی آمد و رفت ختم ہوگئی ہے جس کی وجہ سے سفاری پارک کی آمدن بھی ختم ہوگئی ہے،علاوہ ازیں انتظامیہ پہلے ہی فنڈز کی کمی کا شکار ہے اور اب ایسے حالات میں ان کے لیے جانوروں کے کھانے پینے کا بندوبست مشکل ہوتا جارہا ہے۔

لاہور کے سفاری پارک میں اس وقت 37 افریقی شیر،شیرنیاں، 5 ٹائیگرز بشمول سفید ٹائیگر، 2 جیگوار اور 2 پوما موجود ہیں۔

ان تمام شیروں کے دودھ اور گوشت کے اخراجات لاکھوں روپے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق ایک شیر روزانہ 8 سے 9 کلو گوشت کھاتا ہے اور چند لیٹر دودھ پیتا ہے، تمام شیروں کی خوراک کے روزانہ کے اخراجات 30 ہزار روپے،ماہانہ 9 لاکھ روپے جبکہ سالانہ یہ رقم ایک کروڑ روپے سے تجاوز کرجاتی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے مذکورہ شیر 21 لاکھ روپے میں فروخت کیے ہیں،فروخت کیے جانے والے شیروں میں سے 7 شیر نیلامی کے ذریعے فروخت کیے گئے ہیں اور ایک شیر تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا ہے۔