فرانسیسی پولیس کی لاک ڈائون میں سختی، شہری مشتعل ہوگئے

322

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کوروناوائرس کے باعث لاک ڈائون میں مقامی پولیس کی جانب سے ایک شخص پر سختی کی گئی جس کے نتیجے میں مقامی لوگ مشتعل ہوگئے اور پولیس پر حملہ کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس میں دیڑھ لاکھ سے زائد افراد کوروناوائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 20 ہزار سے ذائد لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔

فرانسیسی پولیس کی جانب سے شہریوں پر لاک ڈائون کے دوران سختی کی جارہی ہے جس سے شہریوں اور پولیس کے درمیان تصادم کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ پیرس میں مقامی پولیس کی جانب سے لاک ڈائون کے دوران ایک موٹرسائیکل سوار سے نازیبا سلوک کیا گیا جس پر مقامی رہائشی مشتعل ہوگئے اور پولیس پر حملہ کردیا۔

مشتعل شہریوں نے پولیس پر آتشی مواد سے حملہ کیا اور 15 گاڑیوں کو بھی جلا دیا جبکہ پولیس کی جانب سے جوابی حملے میں ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پولیس لاک ڈائون پر عمل کروانے کیلئے غیر ضروری سختی سے کام لے رہی ہے۔

پولیس اور شہریوں کے مابین تصادم کے واقعات پیرس کے 5 مضافاتی علاقوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ پولیس اور عوام کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 7 افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔