ریاض : سعودی پولیس نے کوروناوائرس کے باعث ملک میں نافذ کردہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے پر دو پاکستانیوں سمیت 34افراد کو گرفتارکرلیا ۔
العربیہ کے مطابق ریاض پولیس نے 2سعودی شہریوں کو خطرناک طریقے سے ڈرائیونگ کی وڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرنے کے جرم میں گرفتارکیا جبکہ حکومتی عہدیداروں کے خلاف بدزبانی کرنے والے مقامی شہری کو اور بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی ڈرائیو کرنے والے ایک اور شہری کو گرفتار کیا ہے-
سعودی پولیس نے کرفیو کے دوران سڑکوں پر گھومنے پھرنے کی وڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرنے والی سعودی خاتون اور ہوم ڈلیوری سروس کےملازمین کوساتھیوں کو ساتھ بٹھانے اور چیک پوسٹ سے فرار ہونے کے جرم میں گرفتار کیا-
گرفتا ر ہونے والے افراد میں 3 بنگلہ دیشی بھی شامل ہیں جنہوں نے کرفیو کے دوران حفاظتی اقدامات سے متعلق دی جانے والی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حجام کو اپنے گھر لے آئے جبکہ دو پاکستانی حجام بھی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے کے جرم میں گرفتار ہوئے۔
2 یمنی شہریوں کو بھی کرفیو کے دوران سڑکوں پر گھومنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا جبکہ ایک مقامی شہری کو کرفیو کی خلاف ورزی پر فخر کا اظہار کرنے پر اور دیگر باشندوں کو کرفیو کی خلاف ورزی کی ترغیب دینے پر گرفتار کیا- گرفتار شدگان کو قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد 9362 ہوچکی ہے جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 97 ہے۔