امریکہ کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر نیویارک میں نرسز نے طبی عملے کو حفاظتی سامان فراہم نہ کرنے پر امریکی محکمہ صحت اور دو ہسپتالوں کے خلاف عدالت میں کیس دائر کردیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک میں 9500 سے زائد نرسز کوروناوائرس کا شکار ہیں جبکہ 11 کی اموات ہوچکی ہے۔ نیویار کے مختلف اسپتالوں میں کام کرنے والی متعدد نررسز نے سڑکوں پر احتجاج کیا ہے اور محکمہ صحت اور 2 اسپتالوں پر طبی عملے بالخصوص نرسنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے عملے کو حفاظتی سامان فراہم نہ کرنے الزام عائد کیا ہے۔
مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جس میں حکومت، محکمہ صحت اور اسپتالوں پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ ایک نرس نے پلے کارڈ اٹھائے رکھا تھا جس میں لکھا تھا کہ بغیر ہتھیاروں کے جنگ پر مت بھیجو۔
احتجاج کرنے والی نرسز میں سے ایک نے میڈیا نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوروناوائرس کے مریضوں سے نرسز کا تعلق براہِ راست ہوتا ہے۔ میڈیکل عملے کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور انہیں حفاظتی سامان مہیا کرنا چاہیے۔
نرسز کا کہنا تھا کہ حفاظتی گائون اور دیگر سامان کی کمی کے باعث ہم کوڑے دان میں استعمال ہونے والے بیگز پہننے پر مجبور ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ میں کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد 792,938 سے زائد ہے جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 42,518 سے تجاوز کرچی ہے۔