مقبوضہ کشمیر کے عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں‘ مرتے دم تک ساتھ کھرے ہیں‘ عارف علوی

146

مظفرآباد( صباح نیوز)صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں ہم آپ کے ساتھ ہیں آپ کے ساتھ رہیں گے، مرتے دم تک آپ کے ایشو کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بھارت کی ایل او سی پر بڑی گنوں سے شیلنگ کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ وہ منگل کو ایوان صدر میں کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر صدر ریاست سردار محمد مسعود خان ، وزیراعظم آزادکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان اور اور این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی موجود تھے۔ صدر پاکستان نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت کو کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات پر مبارکباد دیتا ہوں،آزادکشمیر کی عوام نے جس ڈسپلن کے ساتھ لاک ڈائون کیا اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں،امید کرتا ہوں کہ یہاں کے عوام حکومت کے مشوروں کے مطابق بھی آئندہ بھی قدم اٹھاتے رہیں گے ۔صدر پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایل او سی پر بڑی گنوں کے ساتھ شیلنگ کررہا ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بھارت کورونا کو بنیاد بنا کر بھارتی مسلمانوں کے ساتھ تفریق شروع کرکے اور مقبوضہ کشمیر جس کو مکمل لاک ڈائون کیا ہو ا ہے اور اور ان کا برا حشر کر رہا ہے ۔میں سمجھتا ہوں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اس پر نظر رکھے ، میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اپیل کرتا ہوں کہ جنہوں نے خوددنیا سے اپیل کی تھی کہ کوروناوبا کے دوران ظلم و تشد د روک لو، لیکن بھارت کو اس کی کوئی فکر نہیں میں اس کی بھی سخت مذمت کرتا ہوں۔ میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں سے براہ راست مخاطب ہونا چاہتا ہوں کہ جو ظلم وتشدد آپ کے ساتھ ہو رہا ہے اس میں آپ اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں ہم آپ کے ساتھ ہیں آپ کے ساتھ رہیں گے۔ مرتے دم تک آپ کے ایشو کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جس طرح آپ کے ساتھ ہو رہا ہے اس سے ملتا جلتا بھارت کے مسلمانوں کے ساتھ بھی ہو رہا ہے جو ظلم ان پر ہو رہا ہے اس سے زیادہ ظلم آپ سہہ چکے ہیں۔ لیکن دنیا کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی جو آپ پر ظلم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کورونامیں ڈسپلن کے ساتھ مقابلہ کریں ۔دنیا کے اندر پاکستان کا مقام بہت بلند ہو گا۔