ہم نیب ریفرنسز بھگت چکے اب عمران خان کی باری ہے‘ لطیف کھوسہ

106

سکھر (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے عمران خان سے کہا ہے کہ نیب کے ریفرنسز اور مقدمات تو ہم بہت بھگت چکے‘ اب تمہاری باری ہے‘ تمہارے دائیں بائیں جو لوگ ہیں ان کے خلاف ریفرنسز تیار ہو رہے ہیں جن میں تو بچنے کی امید بھی نہیں‘ چینی آٹا بحران کی رپورٹ بھی اسی افسر واجد ضیا نے بنائی ہے جس کی پاناما لیکس کی رپورٹ پر وزیراعظم کو گھر جانا پڑا تھا‘ 25 اپریل کو آنے والی فرانزک رپورٹ سب کچھ عیاں کردے گی‘ چینی آٹا بحران رپورٹ خود حکومت کے لیے چارج شیٹ ثابت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ میں مقدمے کی سماعت کی پیروی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ خورشید شاہ اور حمزہ شہباز کی ضمانت بھی ہوجائے گی۔