دنیا مظالم پر خاموش رہے گی تو اللہ کی پکڑ سے نہیں بچ سکتی ،ڈاکٹرخالد محمود

61

کوٹلی(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ دنیا کورونا وائرس کی لپیٹ میں نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر خاموشی کے باعث اللہ کی پکڑ میں ہے ،کشمیر فلسطین ،شام سمیت دیگر خطوں میں مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہا جارہا ہے ،دنیا مظالم پر خاموش رہے گی تو اللہ کی پکڑ سے نہیں بچ سکتی ،جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضا کار دن رات ایک کر کے عوام کی خدمت کررہے ہیں جو قابل تحسین ہے ،جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کورونا وائرس کا فرنٹ لائن پر علاج کرنے والے ڈاکٹرز کو حفاظتی کٹس فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے الخدمت فائونڈیشن کے صدور اور امراء حلقہ جات کے جائزہ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق سیکرٹری جنرل محمود الحسن چودھری ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل امجد یوسف،امیر ضلع کوٹلی حبیب الرحمن آفاقی امیر ضلع بھمبر فرید چودھری سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔اس موقع پر الخدمت فائونڈیشن اور امیر ضلع نے کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورت حال اور ریلیف سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ کورونا وائرس سے نجات کے لیے رجوع الی اللہ اور تو بہ استغفار کیا جائے اللہ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کیا جائے روزانہ قرآن کا مطالعہ کیا جائے عوام کو ریلیف کے ساتھ اسلامی لٹریچر بھی فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے خصوصیت سے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے رمضان کی بھرپور تیاری کی جائے اس ماہ مقدس کے اندر اللہ کا قرب حاصل کیا جائے پورے ایمان اور احتساب کے ساتھ اس ماہ مبارک میں روزوں کا اہتمام کیا جائے۔