سندھ حکومت کی اجازت کے بغیر کسی کو کاروبار کی اجازت نہیں، کمشنر کراچی

268

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی افتخار شلوانی کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران سندھ حکومت کی اجازت کے بغیر کسی کو کاروبار کی اجازت نہیں ہے۔

کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی اجازت کے بغیر کسی کو کاروبار کی اجازت نہیں ہے،جو دکاندار بغیر اجازت کاروبار شروع کریں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ جن کو حکومت سندھ نے اجازت دی ہے صرف وہی کاروبار کرسکتے ہیں، تاجروں نے دکانیں کھولیں تو ان کو گرفتار کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ یکم رمضان سے تمام مارکیٹس کھول دیں گے،تاجر رہنما شرجیل گوبلانی کا کہنا تھا کہ حکومت کے کسی وزیر،مذاکراتی ٹیم سے ملاقات نہیں کریں گے۔

الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت وقت ضائع کررہی ہے،تاجروں اور مزدوروں سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔

تاجر رہنما الیاس میمن کا کہنا تھا کہ وفاق،سندھ حکومت تاجروں کا معاشی دیوالیہ نکالنا چاہتی ہے،مارکیٹس بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہوگئے،بجلی، پانی، بل ٹیکسز دینے کی پوزیشن میں نہیں رہے۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاجروں کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے،تاجروں کی جانب سے خود احتجاجاً گرفتاری دی گئی،تاجروں سے مذاکرات جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق لوگوں کو جمع ہونے سے منع کرنے کے لیے نفری تعینات کی ہے،تاجروں کی جانب سے خلاف ورزی پر گرفتاری، قانونی کارروائی ہوگی،ٹمبر، آئرن مارکیٹ کے تاجروں کو دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔