ایم کیو ایم کے ممبر قومی اسمبلی امین الحق نے بطور وفاقی وزیر حلف اٹھالیا

386

ایم کیو ایم کے ممبر قومی اسمبلی سید امین الحق نے بطور وفاقی وزیر حلف اٹھا لیا،امین الحق کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں امین الحق کی بطور وفاقی وزیر تقریب حلف برداری ہوئی، جس میں ایم کیو ایم کے ممبر قومی اسمبلی امین الحق نے بطور وفاقی وزیر حلف اٹھا لیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امین الحق سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

امین الحق کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے، یہ قلمدان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوا تھا، امین الحق کے حلف اٹھانے کے بعد ایم کیو ایم کی دوبارہ وفاقی کابینہ کا حصہ بن گئی ہے۔

یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی تھیں، فخرامام کو وزارت فوڈ سکیورٹی اور خسروبختیار کو اکنامک افیئر کا قلمدان سونپا تھا جبکہ حماد اظہر کو وزارت صنعت کا وزیربنا دیا تھا۔

وزیراعظم کے مشیر ارباب شہزاد اور سیکرٹری خوراک ہاشم پوپلزئی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا جبکہ خسرو بختیار نے وزارت فوڈ اینڈ سیکیورٹی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔وزیراعظم نے خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ بھی منظور کرلیا تھا۔