ٹرین کی ٹکرسے ٹک ٹاک ویڈیوبنانے والانوجوان چل بسا

420

کراچی کے علاقے لانڈھی، بھینس کالونی میں پیرانو گوٹھ کےقریب ریل کی پٹڑی پر ٹک ٹاک بنانے کے دوران ٹرین کی ٹکر سے نوجوان ہلاک ہوگیا ہے۔

پولیس کے مطابق لانڈھی بھینس کالونی کے روڈ نمبر 12 پر واقع کچی آبادی پیرانوگوٹھ کا رہائشی 20 سالہ نوجوان کاشف ارشاد شام ساڑھے چھ بجے گوٹھ کے قریب مرکزی ریلوے لائن پر بیٹھا موبائل فون سے ٹک ٹاک بنا رہا تھا کہ کراچی سے حیدر آباد جانے والی ٹرین کی زد میں آگیا ہے۔

ریلوے پولیس کے مطابق کاشف شدید زخمی ہوا اسے اس کے ساتھی موٹر سائیکل پر لے کر اسپتال پہنچے تاہم وہاں پہنچنے تک اس کی موت واقع ہوچکی تھی۔

پولیس کے مطابق ضابطے کی کارروائی کے بعد میت اس کے بھائی دلشاد کے حوالے کردی ہے۔ لانڈھی ریلوے پولیس کے مطابق ٹک ٹاک بنانے کے حوالے سے اہل خانہ نے کوئی تحریر تو درج نہیں کرائی لیکن اس کے ہمراہ آنے والوں نے زبانی بیان میں بتایا کہ ٹرین کو دیکھ کر موبائل فون ویڈیو بنانے کے دوران یہ حادثہ پیش آیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ٹک ٹاک ویڈیو بنانے میں مصروف کاشف نامی نوجوان کو ٹرین نے کئی بار ہارن دیا لیکن نوجوان آواز نہ سن سکا اور ٹریک کی زد میں آگیا۔پولیس نے نوجوان کی لاش آبائی علاقے رحیم یار خان روانہ کر دی گئی ہے۔