پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا

441

پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے۔ کل بروز ہفتہ پہلا روزہ ہوگا۔ماہ صیام کا چاند کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں میں دیکھا گیا۔

ماہ مقدس کا چاند دیکھ کر لوگوں کی بڑی تعداد نے دعا کی اور اللہ تعالیٰ کے حضور گڑ گڑا کر گناہوں سے توبہ استغفار کرتے ہوئے خالق کائنات کی پناہ طلب کی۔

گزشتہ روز مرکزی روہت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس کی صدارت چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کی تھی۔ اجلاس میں پہلی مرتبہ وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی نمائندگی بھی موجود تھی۔

ملک میں گزشتہ روز رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا تھا کہ ماہ رمضان المبارک کا آغاز 25 اپریل بروز ہفتہ سے ہوگا۔

پشاور کی قدیم مسجد قاسم علی خان کے مفتی پوپلزئی نے ہر سال کی طرح امسال بھی رمضان المبارک کا آغٓاز ایک دن پہلے کرنے اعلان گزشتہ روز کیا تھا۔

دلچسپ امر ہے کہ ماہرین فلکیات کا بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں جمعرات کے روز رمضان المبارک کا چاند نظر آنا ممکن ہی نہیں ہے. کیونکہ چاند دکھائی دینے کے لیے ضروری ہے کہ اس کی عمر 24 گھنٹے یا اس سے زائد ہو۔

ماہرین کے مطابق گزشتہ روز مغرب کے وقت چاند کی عمر12 گھنٹے سے زائد نہیں تھی جب کہ آج بروز جمعہ چونکہ چاند کی عمر 24 گھنٹے سے زائد تھی اس لیے اسے پورے ملک میں باآسانی دیکھا گیا ہے۔