مقبوضہ کشمیر:کورونا تیزی سے پھیلنے لگا، مزید 27کیسز رپورٹ

7

سرینگر(آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس سے تیزی سے پھیلنے لگا ،مزید 27کیسز سامنے آئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 426تک پہنچ گئی جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ وادی میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری ہیں ، مزید 17افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کیسز کی کل تعداد 426تک پہنچ گئی ہے، جن میں جموں سے56 اور کشمیر سے 351کیسزہیں۔ لداخ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 19 ہے۔کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 27 مریضوں میں سے 14شوپیاں اور7بانڈی پورہ، 4کپواڑہ، ایک اننت ناگ اور ایک بارہمولہ کا ہے۔ دوسری جانب کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے کپواڑہ ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، بڈگام ، پلوامہ ، شوپیاں ، اسلام آباد ، کولگام ، پونچھ اور کشتواڑ کے اضلاع کے مختلف علاقوں اور دیہات میں تلاشی اور محاصرے کی پر تشددکارروائیاںجاری رکھیںاور مزید 17افراد کو گرفتار کرلیا۔دریں اثنا ڈوڈا اور کپواڑہ کے اضلاع سے 2 لاشیں ملی ہیں جن میں ایک لاپتا 18سالہ لڑکی کی لاش بھی شامل ہے۔پولیس کے مطابق انوشو دیوی نامی لڑکی کی مسخ شدہ لاش ڈوڈہ ٹائون سے ملی ہے جو گزشتہ سال دسمبر میں لاپتا ہو گئی تھی۔ضلع کپواڑہ کے علاقے آوورہ سے بھی ایک لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔مقامی پولیس کے مطابق 28سالہ شخص کی لاش آوورہ گائوں کے جنگلات کے علاقے میں برف میں دبی ہوئی تھی۔