ٹیکس ہدف پہلے کب پورا ہوا؟

192

پاکستان کے ٹیکسوں سے متعلق ادارے ایف بی آر نے آئندہ مالی سال کے لیے ٹیکس کا ہدف 5100 ارب روپے مقرر کیا ہے۔ ایف بی آر کو اس مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری کمی کی وجہ سے 15 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔ معاملہ یہ نہیں ہے کہ ہدف کیا مقرر کیا گیا اور خسارہ کس بنیاد پر ہوتا ہے، معاملہ یہ ہے کہ پاکستان میں حکومتیں ٹیکس کلچر کو پروان چڑھانے کے بجائے ٹیکس دینے والوں پر بھی ڈنڈا چلانے لگتی ہیں۔ پاکستان میں آج تک ٹیکس پورا ہوتا نہیں دیکھا گیا۔ پہلے تین ماہ میں ہی غلطی کا احساس ہونے پر نظرثانی کی جاتی ہے۔ پھر چھ ماہ پورے ہونے پر اور سال کے آخر میں بھی نظرثانی کی جاتی ہے۔ ایسے ماہرین کہاں سے ملتے ہیں جو پہلے بڑے بڑے منصوبے بناتے ہیں پھر نظرثانی کرتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ان اداروں کے پاس کوئی اعداد و شمار نہیں ہوتے جن کی بنیاد پر وہ تخمینے لگاتے ہیں۔