مساجد بندکرنے کے بجائے کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے،محمد حسین محنتی

189
حیدرآباد:امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی میگا راشن مرکز کے افتتاح کے بعد پریس کانفرنس کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ صوبائی سرپرست اعلی الخدمت فاؤنڈیشن محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ حکومت ایس او پیز کے تحت کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دی جایے ، تاجروںپرتشدد اور مقامات کے اندراج کی مذمت کرتے ہیں ،مساجد بند کرنے کی دھمکیاں درست نہیں ،علماکرام سے طے شدہ نکات پر مساجد کو کھولاجائے،جماعت اسلامی نے پہلے روز سے کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بیڑا اٹھایاہوا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے کورونا اور میگا راشن کیمپ مرکز لطیف آباد کے افتتاح کے بعد تاج پیلس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالوحیدقریشی،ضلعی امیرجماعت اسلامی حافظ طاہر مجید،صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا،ڈاکٹر سیف الرحمن صد ر الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد، سیکرٹری نعیم عباسی، سید ناصر علی کاظمی توقیر عالم و دیگر موجود تھے۔ چھوٹے تاجر طبقے کے جو حالات ہیں ان میں ضروری ہے کہ کاروبار کی ایس او پیز کے تحت اجازت دی جائے تاجر برادری بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرے۔ انہوںنے تاجروں کے خلاف مقدمات کے اندراج اور دکانداروں پر تشدد جیسے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مقدمات ختم کیے جائیں پولیس عوام دوست رویہ اختیار کرے۔ انہوںنے کہاکہ علماء مشائخ کے ساتھ جو نکات طے ہوئے ان پر عمل کرتے ہوئے رمضان المبارک میں مساجد کھولنے کی اجازت دی جائے اور مساجدبند کرنے کی دھمکیاں درست نہیں اس حوالے سے عوام بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرے ۔ الخدمت کے ذریعے کراچی سے کشمور پورے سندھ میں اب تک ایک لاکھ 20 ہزار 500 خاندانوں میں 15 کروڑ روپے کی مالیت کا راشن اور دیگر سامان تقسیم کیا ہے۔چھوٹے بڑے اسپتالوں میں ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف کو حفاظتی لباس، 2لاکھ 5 ہزار افراد میں پکا پکایا کھانا، 2 لاکھ 5 ہزار ماسک، 60 ہزار سینی ٹائزرز اور صابن تقسیم کیے ہیں۔12000 مساجد، اسپتال، مندر، گرجاگھروں سمیت دیگر عبادت گاہوں میں جراثیم کُش اسپرے کیا گیا۔قبل ازیں امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کرونا اور میگا راشن کیمپ مرکز کا افتتاح کیا اور دعا کی ۔ بعد ازاں انہوں نے جے آئی یوتھ کے رہنما شہید حافظ طارق اقبال بھٹی کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی ۔