میرپور(پ ر) الخدمت فائونڈیشن آزادجموں وکشمیر کے صدر ڈاکٹر ریاض احمد نے کہا ہے کہ الخدمت فائونڈیشن پونے چار کروڑ روپے کی ریلیف سرگرمیاں کرچکی ہے ،10ہزار خاندانوں تک راشن پہنچایاجا چکا،10ہزار سے زائد افراد کو تیار شدہ کھانا ان کے گھروں میں فراہم کیا ،الخدمت فائونڈیشن بلا تخصیص رنگ نسل اور مذہب عوام کی خدمت کررہی ہے ،اندرون اور بیرون ممالک رابطے ہیں ہماری کوشش ہے کہ مستحقین تک ریلیف پہنچانے کا کام اور تیز کیا جائے ،اہل خیر الخدمت فائونڈیشن پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے دل کھول کر عطیات دیں تا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کوئی مستحق باقی نہ رہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جائزہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن کے ہزاروں رضا کار دن رات حفاظتی تدابیر کو پیش نظر رکھتے ہوئے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں میں اپنے رضا کاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے جان کو خطرے میں ڈال کر اپنے مستحق بھائیوں کی امداد کی۔اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہاکہ الخدمت فائونڈیشن نے سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالز اور پولیس اسٹیشنز اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو حفاظتی کٹس فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ الخدمت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے آزادکشمیر کے اندر سب سے پہلے کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر علاج کرنے والے ڈاکٹرز کو حفاظتی کٹس فراہم کیں تا کہ وہ محفوظ ہو کر مریضوں کا علاج کرسکیں ۔