اٹلی: کوروناوائرس کے دوران شہریوں کیلئے ساحل سمندر پر منصوبہ متعارف

372

روم: کوروناوائرس کے دوران اٹلی نے شہریوں کیلئے ساحل سمندر پر شیشے کے کمرے تعمیر کرنے کا منصوبہ متعارف کرایا ہے تاکہ عوام موسم گرما میں لطف اندوز ہوسکیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اطالوی کمپنی نووا نیون گروپ نے گرمیوں کے موسم میں ملک کے ساحل کھولنے کیلئے ایک منصوبہ متعارف کرایا ہے جس کے تحت ساحل سمندر پر آنے والے شہریوں کیلئے شیشے کے کمرے تعمیر کیے جائیں گے جو سماجی دوریوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایک دوسرے سے مخصوص فاصلے پر ہوں گے۔

نووا نیون گروپ متعدد مصنوعات تیار کررہا ہے جو کوروناوائرس وبا کے دوران سیاحتی مقامت پر استعمال کیے جاسکیں۔ دو میٹر لمبے اور ساڑھے چار میٹر چوڑے اِن کمروں کا رومگنا رویرا کے ایک ساحل پر ٹیسٹ بھی کیا جا چکا ہے۔

کمپنی کے سی ای او کلوڈی فیراری نے میڈیا نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری رائے میں یہ منصوبہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر عوام کیلئے تفریح کا ایک ذریعہ بھی ہے اور محفوظ بھی ہے۔ اگر حکومت کی جانب سے منظوری ملتی ہے تو کمروں کو دیگر حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ چہرے کے ماسک، سماجی دوری اور سینی ٹائزنگ سمیت استعمال کیا جائے گا۔۔

واضح رہے کہ اٹلی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 189,973 ہوچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 25,549 ہے۔