کراچی(اسٹاف رپورٹر)رمضان المبارک سےایک روزقبل کراچی، اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، لاہور،فیصل آباد،گوجرانوالہ،ملتان سمیت ملک بھرمیں قائم4ہزار یوٹیلٹی اسٹورز آج بروز جمعےسے بند کردیے گئے ہیں۔
آل پاکستان یوٹیلیٹی اسٹور ورکرز یونین کےصدرعارف شاہ نے کہا ہے آج سے غیر معینہ مدت کیلئے احتجاجاً اسٹورز بند رہیں گے،یوٹیلیٹی اسٹورز کے حکام اور یونین کے مابین مذاکرات ناکام ہوگئے،ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے مطالبات تسلیم نہیں کیے ہیں۔
صدر آل پاکستان ورکرز یوٹیلٹی اسٹورز عارف شاہ کا کہنا تھا کہ تمام مطالبات منظور ہونے تک ملک بھر کے اسٹورز نہیں کھولیں گے۔
عارف شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹور ورکرز کو کورونا بحران میں کام کرنے پر اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا گیا تھا،ساتھ ہی ورکرز کے لیے حفاظتی سامان دینے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا جو تاحال پورا نہیں ہوا ہے۔
سید عارف شاہ کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں وزیر اعظم عمران خان ہمارے مسائل کے حل کے فوری احکامات جاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہڑتال کا فیصلہ پاکستان میں یوٹیلٹی اسٹورورکرز کی تمام یونینز نے متفقہ طور پر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز منیجمنٹ اور بورڈ جان بوجھ کرحکومت کے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔
عارف شاہ نے کہا کہ جب تک ہمارے تمام جائز حقوق نہیں دیے جاتے اسٹورز کے تالے نہیں کھولے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے دو سال سے ملازمین کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی ہے اور کورونا سے حفاظتی کٹس بھی یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہیا نہیں کی گئیں۔