واشنگٹن : امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کےسیکریٹری سائنس ولیم برائن نے کہا ہے کہ شدید گرمی کے باعث کوروناوائرس کے اثرات میں تیزی سے کمی آرہی ہے۔
غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق ولیم برائن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوروناوائرس سے متاثرہ گرم خطوں میں کوروناوائرس کے اثرات میں کمی آنا شروع ہوگئی تاہم وائرس اندرونی اور خشک جگہوں پر زیادہ دیر تک زندہ رہ سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ سرد جگہوں پر وائرس لمبے عرصے تک موثر رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا موسم گرما میں وائرس غیر موثر ہورہا ہے تاہم عوام کو پھر بھی احتیاط اپنانے کی ضرورت ہے جبکہ وائرس پر مزید ریسرچ جاری ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 886,709 سے زائد ہوچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 50,243 سے تجاوز کرچکی ہے۔