پاکستان: کورونا مزید7 زندگیاں نگل گیا، 424 نئے کیس رپورٹ

167

اسلام آباد/سکھر (مانیٹرنگ ڈیسک+ اے پی پی) پاکستان میں جمعہ کورونا وائرس سے مزید 7 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 244 ہوگئی جبکہ مزید نئے کیس سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 11569 تک جا پہنچی ہے جبکہ گھوٹکی قرنطینہ مرکز سے کورونا کے 10 پازیٹو مریض فرار ہوگئے ہیں۔ 244 ہلاکتوں میں سے اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 85 افراد انتقال کرچکے ہیں۔سندھ میں 75 ، پنجاب میں 68 ، بلوچستان میں 10 جبکہ گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 2527 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ اب تک کل 131،365 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، جمعہ کوملک بھر سے کورونا وائرس کے 424 کیسز سامنے آئے ہیں اور 7 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سے سندھ میں 274 کیسز 2 ہلاکتیں، پنجاب 84 کیسز 3 ہلاکتیں، بلوچستان 49 کیسز 2 ہلاکتیں، اسلام آباد سے 10 کیس اور گلگت بلتستان سے 7 نئے کیسز سامنے آئے۔ پنجاب میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے مزید 84 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں۔صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 4851 اور اموات 68 ہوئیں جبکہصحت یاب ہونے والوں کی تعداد 925 ہوگئی ہے۔سندھ میںجمعہ کو کورونا کے مزید 274 کیس اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی، صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 3945 ہوگئی ہے جبکہ 75 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 772 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت ذرائع کے مطابقگھوٹکی قرنطینہ مرکز سے کورونا کے 10 پازیٹو مریض فرار ہوگئے، فرار ہونے والوں کا تعلق بالائی علاقوں سے ہے ، ان کی تلاش کے لیے متعلقہ انتظامیہ اور پولیس کو لسٹ فراہم کردی گئی ہے، افراد میں 5 افراد کی لوکیشن پختونخوا کی آئی ہے، فرار ہونے والے افراد نے گھر پہنچنے کی تصدیق بھی کردی ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی نے غفلت برتنے پر 8 اہلکاروں کو کوارٹر گارڈ کردیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 10 کیسز سامنے آئے ہیں ،سرکاری پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 214 ہوگئی ہے جبکہ شہر میں اب تک وائرس سے 3ا فراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ بلوچستان میں جمعہ کو کورونا کے 49 کیس اور 2 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں ،صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 656 اور ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے جبکہ 177 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 88 نئے کیس اور 2 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 85 تک پہنچ گئی جبکہ مجموعی کیسز 1541 ہوگئے ہیںجبکہ455 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔گلگت بلتستان میں جمعہ کو 7 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 307 ہوگئی ،اب تک 213 افراد صحت یاب جبکہ 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔آزاد کشمیر میں وائرس کے 4 نئے کیس سامنے آئے ، مریضوں کی تعداد 55 ہوگئی ہے۔