بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی،مزید 3کشمیری نوجوان شہید

115

سرینگر (آن لائن/صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کارروائی میں مزید 3 نوجوان شہید ہو گئے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پلوامہ کے علاقہ اوانتی پورہ میں بھارتی فوجیوں نے تلاشی اور سرچ آپریشن کی آڑ میں اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 نوجوان شہید ہو گئے ۔واضح رہے بدھ سے اب تک بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 9 بے گناہ نوجوان شہید ہو چکے ہیں ۔ علاوہ ازیںمقبوضہ کشمیرمیں کورونا وائرس میں مبتلا ایک اور 72سالہ کشمیری انتقال کرگیا ،ریاست میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی، قاضی پورہ ٹنگمرگ کا شہری، جس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا ہفتہ کی صبح چل بسا۔مذکورہ شہری 13اپریل سے مذکورہ اسپتال میں زیر علاج تھا اور وہ ہائے بلڈ پریشر سمیت کئی امراض میں مبتلاتھا۔انسانی حقوق کی متعدد عالمی تنظیموں کے ایک گروپ نے بھارتی حکومت پر زوردیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا سے موثر طورپر نمٹنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں فورجی انٹرنیٹ کی رسائی بحال کر ے تاکہ عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جاری درست اوربروقت معلومات تک طبی ماہرین کی رسائی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔